Monday, May 21, 2018

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).



اٹک سٹی:DHQہسپتال اٹک کینٹین اور ریلوے اسٹیشن کینٹین پر روزہ خوروں کی بھرمار ‘احترام رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزی
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک کینٹین اور ریلوے اسٹیشن کینٹین پر روزہ خوروں کی بھرمار ‘احترام رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزی ارباب اختیار نوٹس لیں ،تفصیلات کے مطابق ایک سروے کے دوران ڈی ایچ کیو اٹک کی کینٹین اور ریلوے اسٹیشن کی کینٹین میں روزہ خور کھلے عام کھانہ کھانے کے علاوہ سگریٹوں کے دھوئیں چھوڑتے نظر آئے ہسپتال کی کینٹین میں ایک بھی مریض نظر نہ آیا جبکہ یہی حال ریلوے اسٹیشن کی کینٹین پر تھا ‘یہاں بھی مسافر نام کا ایک بندہ بھی موجود نہ تھا ،تمام اٹک شہر اور گردونواح کے روزہ خور تھے جو احترام رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے نظر آئے جبکہ احترام رمضان آرڈیننس 1981 کل دس دفعات پر مبنی ہے اس قانون میں سب سے پہلے یہ وضاحت کی گئی ہے کہ آیا پبلک پلیس کیا ہے قانون کی دفعہ 2 کے مطابق کوئی بھی ہوٹل ، ریسٹورنٹ ، کینٹین ، گھر ، کمرہ ، خیمہ یا سڑک ، پُل یا کوئی اور ایسی جگہ جہاں عام آدمی کو با آسانی رسائی ہو پبلک پلیس میں آتا ہے اور آرڈینس کی دفعہ 33 کے تحت کوئی بھی ایسا فرد جس پر اسلامی قوانین کے تحت روزہ رکھنا لازم ہے ،اُسے روزے کے وقت کے دوران پبلک پلیس پر کھانا ، پینا اور سگریٹ نوشی کی ممانعت ہوگی اگر کوئی ایسا کرتا پکڑا گیا تو اسے تین ماہ کی قید یا 500 سو روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں ۔آرڈینس کی دفعہ 44 کے تحت روزے کے وقت کے دوران کسی ریسٹورنٹ ، کینٹین یا ہوٹل کے مالک ، نوکر ، منیجر یا کسی اور پبلک پلیس پر کسی فرد کو جانتے بوجھتے رمضان میں کھانے کی سہولت دینا یا دینے کی آفر کرنا منع ہے جبکہ اس فرد پر روزہ لازم ہو اور جو کوئی ایسا کرے گا وہ تین ماہ کی قید ، پانچ سو روپے جرمانہ یا دونوں سزاؤں کا حقدار ہو گا دفعہ 55 میں وضاحت کہ گئی ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری اسپتال کے باورچی جانہ میں کی جاسکتی ہے اور مریضوں کو کھانے کا بندوبست کرنا کی ممانعت نہیں ہے ، نیز ریلوے اسٹیشن ، ایئرپورٹ ، بحری اڈا ، ٹرین ، جہاز یا بس اسٹینڈ پر پابندی نہیں ہے مزید یہ کہ پرائمری اسکول کے احاطے میں موجود کچن بھی اس پابندی سے آزاد ہے دفعہ 66 کے تحت تمام سینما ہال تھیٹر یااس قسم کے دیگر ادارے سورج غروب ہونے کے بعد سے لے کر دن چھڑنے کے تین گھنٹے بعدتک بند رہے گے اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو ادارے کے مالک ، منیجر ، نوکر یا دوسرے ذمہ دار شخص کو چھ ماہ کی قید یا پانچ ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں دفعہ 77 کے تحت تمام مجسٹریٹ ، چیئرمین ضلع کونسل ، چیئرپرسن ضلع کونسل ، ممبر زکوۃ و عشر کمیٹی اور چیئرمین و میئر بلدیہ بھی یہ خیال کریں کہ اس آرڈیننس (احترام رمضان آرڈینس 1981) کے تحت کو جرم سرزدد ہو رہا ہے تو انہیں اختیار کے کہ وہ ایسے جگہ میں داخل ہو کر ملزمان کو گرفتار کر لیں کسی اور کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے دفعہ 9 کے تحت بنائے گئے قواعد کی رو سے ہسپتال کی کینٹین سے وہ افراد کھانا لے کر کھا سکتے ہیں جو خود مریض ہوں اور ہوئی اڈہ، ریلوے اسٹیشن، بحری اڈہ اور بس اسٹنڈ پر سے وہ افراد کھانا کھا سکتے ہیں جن کے پاس ٹکٹ یا ایسا واؤچر ہو جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہو کہ وہ فرد یا افراد 75 کلومیٹر سے ذیادہ کا سفر کر رہے ہیں بمعہ اُس سفر کے جو وہ طے کر کے آچکے ہیں نیز پرائمری اسکول میں موجود کینٹن سے صرف وہ طالب علم کھانا لے کر کھا سکتے ہیں جو ابھی بالغ نہیں ہوئے ترمیم بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے احترام رمضان آرڈیننس 1981 میں ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ ترمیمی بل کے تحت آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل مالکان پر جرمانے کی رقم 500 روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی گئی ہے بل کے مطابق رمضان میں روزہ کے اوقات کے دوران کھلے عام کھانے پینے اور سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو 500 روپے جرمانہ اور 3 ماہ قید کی سزا دی جائے گی اس ضمن میں آرڈیننس کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹی وی چینلز اور سینما ہاؤسز پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا شہریوں نے فی الفور احترام رمضان آرڈیننس کے تحت تمام ارباب اختیار کو ڈی ایچ کیو اٹک اور ریلوے اسٹیشن پر قانون کی خلاف ورزی کے خلاف ایکشن لینے کی اپیل کی ہے ۔ 

اٹک سٹی: 23 مئی کونواز شریف اورمریم نواز ودیگر لالہ زار گراؤنڈ میں مسلم لیگ ( ن ) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے 
23 مئی بروز بدھ شام 5 بجے قائد مسلم لیگ ( ن ) محمد نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز ، آصف کرمانی اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد شہید ملت لیاقت علی خان ہاکی سٹیڈیم ( لالہ زار گراؤنڈ ) میں مسلم لیگ ( ن ) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے ،اسٹیج سیکرٹری کے فرائض چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ سر انجام دیں گے یہ بات ضلعی سینئر نائب صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہا کہ ورکرز کنونشن کو انتہائی محدود رکھا گیا ہے ‘اس میں شریک ہونے والے مسلم لیگ ( ن ) کے ورکرز کے اعزاز میں افطار پارٹی بھی دی جائے گی ۔ورکرز کنونشن کی تیاری کے سلسلہ میں چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ ، وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان ، ضلعی سینئر نائب صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، رہنما مسلم لیگ ( ن ) شیخ اجمل کی قیادت میں استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی نگرانی وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد خود کریں گے قائد مسلم لیگ ( ن ) محمد نواز شریف ، ان صاحبزادی مریم نواز ، آصف کرمانی اور دیگر مہمان ورکرز کنونشن کے بعد وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کی رہائش گاہ پر جائیں گے جہاں 12 اکتوبر 1999 ء میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جمہوری حکومت کو برطرف کرنے کے بعد انہیں اٹک جیل اور ان کے بیٹے حسین نواز اور بھائی شہباز شریف کو اٹک جیل رکھا گیا تھا اور ان کے دیگر اہل خانہ کی میزبانی کے فرائض وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور ان کے اہل خانہ نے اپنی رہائش گاہ پر کئی ماہ تک کیے تھے ورکرز کنونشن میں مسلم لیگ ( ن ) ضلع اٹک کی 6 تحصیلوں اور 6 میونسپل کمیٹیوں ، 3 کنٹونمنٹ بورڈز ، 71 یونین کونسلوں کے عہدیداران اٹک کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوں گے ۔ 

اٹک میں مہنگائی کا طوفان آسمان سے باتیں کرنے لگا ،رمضان شروع ہوتے ہی گراں فروشوں نے اشیاء صرف پر اپنے پنجے گاڑ لیے 
اٹک میں مہنگائی کا طوفان آسمان سے باتیں کرنے لگا ،رمضان المبارک شروع ہوتے ہی گراں فروشوں نے اشیاء صرف پر اپنے پنجے گاڑ لیے ‘ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوز چور لٹیرے ، منڈی مافیا اشیاء خورد نوش کی قیمتوں میں خوش ربا اضافہ کر دیا ہے ۔رمضان سے ایک دن قبل ریٹ لسٹ اور پہلے رمضان کی سبزیوں و فروٹ کی فراہم کردہ سرکاری ریٹ لسٹ کا جائزہ لیا جائے تو اس میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ،وہ بھی صرف ایک دن میں گیٹگری اول کے ریٹ پر گیٹگری سوئم کا پھل فروخت کیاجا رہا ہے ۔دو دن پہلے ٹماٹر ، سبزی مرغی ، گوشت اور فروٹ وغیرہ کا ریٹ مناسب تھا لیکن پہلے روزے ہی سے ریٹ کہاں سے کہاں تک پہنچا ‘یہ متعلقہ ادارے کوخبر ہو نہ ہو ‘یہ سلسلہ چلتارہتاہے اور یوں یہ اندھیرنگری چوپٹ راج والا قصہ تروتازہ رہتاہے ۔جب تک ادارے محکمانہ فرائض سے غفلت کے مرتکب ہوتے رہیں گے ظلم اور بربریت کا یہ بازار یونہی گرم رہے گا ،عوام اس سلسلہ میں ریٹ کنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ ادارے سے توقع رکھتی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ان گراں فروش عناصر کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی کریں گے اور اس گراں فروش درندوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دیں ‘عوام محکمانہ کاروائی کے منتظر ہوں گے کہ وہ اس سلسلہ میں کیا گل کھلائیں گے ۔ 

ضلع اٹک:یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج پر عملدرآمد 14 مئی سے شروع کرنے کافیصلہ ہوا ہے جس پر اطلاق چاند رات تک جاری رہے گا
یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج پر عملدرآمد 14 مئی سے شروع کرنے کافیصلہ ہوا ہے جس پر اطلاق چاند رات تک جاری رہے گا ، سیل کا ہدف 25 ارب روپے مقرر کیا گیاہے ، رمضان پیکیج کے تحت ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ، 19 اشیا ئے ضروریہ پر 4 سے 50 روپے تک سبسڈی دی جائے گی ، یوٹیلیٹی اسٹورپر رمضان پیکج میں آٹے پر 4 اور چینی پر فی کلو 5 روپے سبسڈی ، گھی پر 15 روپے اور آئل پر 10 روپے فی کلو سبسڈی ، دال چنا 20 روپے اور دال مونگ پر 15 روپے فی کلو ، دال ماش 10 روپے اور دال مسور پر بھی 10 روپے ، سفید چنے 25 روپے ، بیسن پر فی کلو 20 روپے ، کھجور پر 30 روپے ، باسمتی چاول پر 15 روپے ، سیلا چاول پر 15 روپے ، ٹوٹا چاول پر بھی 15 روپے فی کلو سبسڈی ، مشروبات کے 1500 ملی لٹر بوتل پر 15 روپے ، 800 ملی لٹر بوتل پر 10 روپے ، چائے پر 50 روپے اور دودھ پر 15 روپے ، مصالحہ جات پر 10 فیصد سبسڈی دی جائے گی ، رمضان پیکیج کے تحت گھی پر سب سے زیادہ 45 کروڑ روپے ، آٹے اور چینی پر 20 ، 20 کروڑ روپے ، آئل پر 20 کروڑ اور چائے پر 15 کروڑ روپے ، سفید چنے اور بیسن پر 5 ، 5 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی جبکہ میڈیا پر پیکیج کی آگہی مہم کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:رمضان المبارک ماہ قرآن ہے اور قرآن وہ کتاب ہے جو درس انقلاب ہے؛ حافظ میاں محمد جنید (جماعت اسلامی)
رمضان المبارک ماہ قرآن ہے اور قرآن وہ کتاب ہے جو درس انقلاب ہے ،قرآن اور روزہ آخرت میں انسان کی شفاعت کرے گا ‘ روزے کا پیغام یہ ہے کہ دورنگی اور منافقت سے چھٹکارا حاصل کرکے اسلام کا رنگ اختیار کیا جائے، 70سال گزر گئے کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیے جانے والے وطن عزیز پاکستان میں ابھی تک قرآن و سنت کا نظام کا نافذ نہیں کیا گیا ،نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ دین اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو کر اللہ کے رنگ میں رنگ جائیں ۔ان خیالات کا اظہار ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی حافظ میاں محمد جنید نے ملک عمر فاروق کے ڈیرے پر ہفتہ وار درس قرآن دیتے ہوئے کیا ،اس موقع پر زونل امیر پی پی ون خالد محمود اور امید وار برائے صوبائی اسمبلی پی پی ون محمد اقبال ملک بھی موجود تھے میاں محمد جنید نے کہا کہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے رمضان میں قرآن نازل ہوا جو راہ ہدایت ہے اورحق و باطل کونمایاں کردیتا ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے اور راتوں کو قیام کیا باری تعالیٰ اس کے سارے گناہ معاف فرما دے گا ۔رمضان میں نیکی آسان اور بدی مشکل ہو جاتی ہے شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے لیکن موجودہ حالات میں نیکی خال خال اور بدی عام ہو چکی ہے ‘مومنوں کو جاگنا ہوگاانہیں اللہ کے دین میں یک رنگی اختیار کرنی ہوگی تاکہ شیطانی نظام کو ہمیشہ ہمیشہ کے ختم کر دیا جائے ۔ اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لیے کسی بھی جانی و مالی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے اسلامی نظام میں ہی خوشحالی ، سکھ اور امن ملے گا وطن عزیز پاکستان میں ایک مرتبہ پھر الیکشن ہونے والے ہیں یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ دیانتدار اور اہل قیاد ت کا انتخاب کریں جو کرپشن اور لوٹ مار سے پاک ہو جو سراج الحق کے ساتھی ہوں ایم ایم اے کو ہم نے کامیاب بنانا ہے ایک ایک فرد اور گھر گھر تک جا کر دیانتدار قیادت کے لیے ووٹ حاصل کرنا ہے تا کہ ملک میں اسلامی قیادت جو اہل اور دیانتدار ہو جس سے ملک اسلامی بنے کیونکہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہوگا اس موقع پر امیر زون پی پی ون خالد محمود نے بھی خطاب کیا جبکہ زونل جنرل سیکرٹری پی پی ون ملک عمر فاروق نے افطاری دی۔

تربیلا ڈیم:تربیلا پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث لاہور ، ملتان ، بہاولپور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر شہر بجلی سے محروم ہوگئے 
تربیلا پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث لاہور ، ملتان ، بہاولپور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر شہر بجلی سے محروم ہوگئے ،سیکرٹری پاور ڈویژن اور متعلقہ حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر پہنچ گئے جبکہ این پی سی سی کے حکام کا کہنا ہے پاور پلانٹ کی جلد بحالی کی کوشش کی جارہی ہے ۔ تربیلا پاور پلانٹ میں بریک ڈاؤن کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ،سوات میں صبح 10 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ لکی مروت ، ملتان ، بہاولپور اور گرد و نواح میں صبح سوا 9 بجے سے بجلی کی سپلائی بند ہے چکوال اور اس کے گرد و نواح میں ساڑھے 9 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے ،دوسری جانب ترجمان ایٹمی توانائی کمیشن کا کہنا ہے کہ تربیلا پاور پلانٹ سے شروع ہونے والی ٹرپنگ سے چاروں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس بھی ٹرپ کرگئے ،ترجمان پاورڈویژن کے مطابق تربیلا ، منگلا اور غازی بروٹھہ پاور اسٹیشن کو بحال کر دیا گیا اور بجلی کی پیداوار 12 ہزار میگاواٹ ہو گئی ہے جس کے بعد مرحلہ وار بجلی کی مکمل پیداوار نظام میں شامل ہو جائے گی ملکی سطح پر فالٹ کو قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے کراچی ، بلوچستان اور سدرن پنجاب میں صورتحال ٹھیک ہے ، عارضی مسئلہ ہے جلد بند پاور پلانٹس بحال ہوجائیں گے وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا تاہم چند گھنٹوں میں صورتحال بہتر ہو جائے گی بجلی کے بریک ڈاؤن سے متعلق شام تک انکوائری مکمل ہوجائے گی ذرائع وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 20 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے ادھر پنجاب کی صنعتوں کو 10 گھنٹے لوڈشیدنگ کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا جس پر آج سے عملدرآمد ہوگا گدوپاورہاؤس میں ٹرپنگ مظفرگڑھ پاورہاؤس تک پہنچ گئی ٹرپنگ گدوسے شروع ہوئی،مظفرگڑھ پھرملتان،ساہیوال،جھنگ،شیخوپورہ کے پاورپلانٹس بندہو ئے اسکے بعد پنجاب کے پاورپلانٹس بندہوتے ہی ٹرپنگ غازی بھروتھا،منگلااورتربیلاتک پہنچ گئی ٹرپنگ کے باعث پنجاب اورکے پی کے میں مکمل بجلی کی فراہمی بندہوئی تربیلا،منگلااورغازی بروتھاکے پروٹیکشن سسٹم آن ہونے سے پاورہاؤس جلنے سے بچ گئے این پی سی سی اوراین ٹی ڈی سی کے انجینئرز نے مرحلہ واربجلی کی بحالی شروع کردی پنجاب کے پاورپلانٹس بندہوتے ہی ٹرپنگ کی وجہ سے5،6ہزارمیگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ۔ 

اٹک سٹی:سستا بازار سے ملحقہ گلیاں بند کر نے پر دوکاندار سراپا احتجاج بن گئے ،گلیاں بند کرنے پر دوکانداروں کی احتجاجی ریلی 
سستا بازار سے ملحقہ گلیاں بند کر نے پر دوکاندار سراپا احتجاج بن گئے ،گلیاں بند کرنے پر دوکانداروں کی احتجاجی ریلی ‘اے سی اٹک ، اے ایس پی اٹک اور چیئرمین بلدیہ موقع پر پہنچ گئے ۔دوکانداروں سے مذاکرات ایک گلی فوری طور پر کھولنے اور دیگر دو گلیاں دو دن بعد کھولنے کے وعدے پر دوکانداروں نے احتجا ج ختم کر دیا ۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر سال کی طرح اس سال بھی کمیٹی چوک کے قریب بازار میں سستا بازارکی جگہ مختص کی گئی اور اس بازار کو آنے والی تمام گلیاں بند کر دیں ،اس پر دوکانداروں نے گلیاں بند کر نے کی وجہ سے شدید احتجاج کیا اور ریلی نکالی ۔ریلی کی قیادت سابقہ کونسلر شوکت محمود شوکی ، سابقہ کونسلر جمیل احمد پینٹر، معروف مسلم لیگی ورکر ثاقب محمود چھاچھی ، عبد العزیز اور جمیل احمد کر رہے تھے ان گلیوں سے شروع ہونے والی ریلی کمیٹی چوک سے ہوتے ہوئی بلدیہ کے گیٹ پر پہنچی جہاں دوکانداروں نے گلیاں بند کرنے پر سخت احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف سخت نعرہ بازی کی اس دوران شہر کو آنے والی ٹریفک پھنس کر رہ گئی جس سے پیدل گزرنے والے بھی مشکلات سے دو چار ہوئے اور آدھا گھنٹہ احتجاج کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں دوکانداروں کے احتجاج پر اے سی اٹک مرضیہ سلیم ، اے ایس پی اٹک عمارہ شیرازی، چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ اور ایس ایچ او سٹی اسرار ستی موقع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے دوکانداروں سے مذاکرات کیے ایک گلی فوری طور پر کھولنے اور بقیہ گلیاں دو دن بعد کھولنے کا وعدہ کیا جس پر دوکانداروں نے احتجاج ختم کر دیا چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ نے دوکانداروں اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم منتخب عوامی نمائندے ہیں عوامی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں موجودہ ملکی صورتحال میں سستا بازار کے لیے عوام کو تحفظ کی بنا پر گلیاں بند کی گئیں کیونکہ پورے بازار کو کھلا رکھ کر ہر راستے کی چیکنگ ناممکن ہے مگر ہم دوکانداروں کی مشکلات سے آگاہ ہیں اس لیے بقیہ گلیاں بھی دو دن میں کھول دیں گے دوکانداروں نے اے سی اٹک ، اے ایس پی اٹک اور چیئرمین بلدیہ کا شکریہ ادا کیا ۔

نرتوپہ(حضرو):جامعہ قاسمیہ انوار القرآن نرتوپہ کے مدرس اور ممتاز عالم دین مولانا بن یامین انتقال کر گئے 
جامعہ قاسمیہ انوار القرآن نرتوپہ کے مدرس اور ممتاز عالم دین مولانا بن یامین انتقال کر گئے ،مرحوم کی نماز جنازہ سروانہ گاؤں میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں علاقہ بھر سے علمائے کرام سیاسی سماجی شخصیات اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی‘ مرحوم عالم دین کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کی بخشش ، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعاکی ۔

اٹک سٹی:سوچی سمجھی سازش کے تحت شعبۂ صحت کو تباہ کیا جا رہا ہے ‘ عوام کے اندر میڈیا کاروائیوں کے ذریعے مشکوک بنا دیا گیا؛رپورٹ
صوبہ پنجاب میں سوچی سمجھی سازش کے تحت شعبۂ صحت کو تباہ کیا جا رہا ہے ،غیر قانونی طور پر قائم محکمہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ہاتھوں کوالیفائیڈ پیرامیڈیکس ، ہومیو ڈاکٹرز ، حکماء اسسٹنٹ فارما سسٹ ، میڈیکل سٹورز مالکان کا استحصال اور ہتک آمیز سلوک روا ء رکھتے ہوئے ان کا جائز مقام معاشرے کے اندر مسخ کیا جا رہا ہے‘ ان کو عوام کے اندر محکمانہ و میڈیا کاروائیوں کے ذریعے مشکوک بنا دیا گیا ہے ۔سرکاری محکموں میں 24 گھنٹے ان کوالیفائیڈ ، سند یافتہ افراد سے خدمات حاصل کرنے کے باوجود پرائیوٹ طور پر ان کی عزت نفس اس حد تک مجروح کر دی گی ہے کہ یہ افراد عام لوگوں کو اپنی وضاحت دیتے پھرتے ہیں صوبہ بھر کے یہ طبقات اس حد تک عدم تحفظ کا شکار ہیں کہ انہوں نے اپنے اہل خانہ و عزیز و اقارب کے ایمرجنسی معائنہ کے لیے گھروں میں بلڈ پریشر سیٹ و تھرما میٹر تک رکھنے چھوڑ دیئے ہیں۔ہیلتھ کیئر کمیشن کے اہلکار چوروں کی طرح ان کے گھروں محلوں میں داخل ہو کر کاروائیاں کر رہے ہیں جبکہ رمضان سستا بازار کے نام پر فراڈ ڈرامے میں انہی افراد سے خدمات بھی لی جا رہی ہیں ۔ہیلتھ کیئر کمیشن دوسری طرف ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے آگے بھیگی بلی بنا ہوا ہے اور ان کو سفید ہاتھی گردانتے ہوئے ان کو ہیلتھ کیئر کمیشن قوانین پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے سپریم کورٹ کے فیصلہ کی آڑھ لے کر اتائیت کی غلط تشریح کے ذریعے خود اعلی عدلیہ تک کو دھوکے میں رکھا گیا ہے متاثرہ افراد جو قیام پاکستان سے لے کر آج تک انتہائی سستے داموں گلی محلوں میں شہریوں کی خدمت کرتے رہے ہیں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ بھی مناسب حدود و قیود میں رہتے ہوئے اپنے بال بچوں کیلئے رزق حلال کما سکیں ۔ 

اٹک سٹی:ضلعی ہیلتھ کونسل اٹک کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ضلعی ہیلتھ کونسل اٹک کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اے ڈی سی ایف اینڈ پی میر محمد نواز، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ملک عبادت خان کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری صحت کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا،ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت ضلع اٹک کو صحت کے شعبہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔اس کے علاوہ ضلع بھر کے ٹی ایچ کیوز اور مراکزصحت میں ڈاکٹرز کی کمی کو دور کر دیا گیاہے۔ ڈی سی اٹک نے کہا کہ اسفندیا ر بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو بھی ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں محکمہ صحت کی مجموعی کار کردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

غورغشتی پولیس چوکی کے عملہ نے ایک نیا کاروبار ڈھونڈلیا ،عدالتوں میں متعین نائب کورٹ بھی اس کاروبار میں حصہ دار
غورغشتی پولیس چوکی کے عملہ نے ایک نیا کاروبار ڈھونڈلیا ،عدالتوں میں متعین نائب کورٹ بھی اس کاروبار میں حصہ دار ‘تفصیلات کے مطابق با و ثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ حضرو پولیس چوکی غورغشتی کے عملہ نے ایک نیا کاروبار عدالتوں میں متعین اہلکاروں کے ساتھ مل کر شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے علاقہ بھر کے لوگوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے جس پر علاقہ کی عوام نے ڈی پی او اٹک سے اس معاملہ کے حل کی فوری طور پر اپیل کی ہے ۔حقائق کچھ اس طرح ہیں کہ تھانہ حضرو خاص کر پولیس چوکی غورغشتی کی حدود میں بغیر کسی وجہ سے لوگوں کے موٹر سائیکلوں کو عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے اور بعدمیں چوکی پر مک مکاؤ کر لیا جاتا ہے ،اگر کسی شخص کے چوکی پر معاملات طے نہ ہوں تو پھر ایک نیا حربہ اختیار کیا جاتا ہے جس میں عدالتی نائب کورٹ مکمل طور پر حصہ دار ہوتے ہیں اور موٹر سائیکل چھڑوانے کا ٹھیکہ کرتے ہیں ۔یوں ایک موٹر سائیکل 5 سے 10 ہزار روپے لیکر فارغ کیا جاتا ہے اس طرح مقامی پو لیس خود بھی غیر قا نو نی طور پرموٹر سائیکل پکڑتی ہے اور پھر چھوڑ دیتی ہے یا چھڑوا دیتی ہے ،اس سارے دھندے نے ایک منظم کاروبار کی شکل اختیار کر لی ہے ۔ 

اٹک سٹی:ڈینگی مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ڈینگی مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت،تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں آمدہ ڈینگی مہم کے سلسلے میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شرکاء کو ڈینگی مہم کی تیاریوں کی بابت بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا ڈینگی مہم کے سلسلے میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اس سلسلے میں بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے گی اور عوام الناس کو آگاہ کیا جائے گا کہ زیادہ سے زیادہ احتیاط سے اس موذی مرض سے بچا جا سکتا ہے۔اجلاس میں تما م متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ڈینگی مہم کے سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور اپنے حلقوں میں رہتے ہوئے موئثر آگاہی مہم چلائیں اور گھر گھر جا کر عوام الناس کو آگاہ کیا جائے کہ اس خطرناک بیماری سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔ڈینگی مہم کے سلسلے میں تما م متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی کارکردگی کے متعلق رپورٹ ہفتہ وار بنیادوں پر ڈی سی آفس ارسال کی جائے۔

امریکہ: غازی بروٹھہ نہر میں نہانے پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے تاکہ نوجوان اس خونی نہر میں نہانے سے باز آ سکیں؛ شاکر خان
تحریک انصاف نارتھ کیلی فورنیا کے جنرل سیکر ٹری شاکرخان نے کہا ہے کہ غازی بروٹھہ نہر میں ہر سال علاقہ چھچھ کے کئی نوجوان نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر مر جاتے ہیں اور اس کی بڑی وجہ غازی بروٹھہ نہر میں آزادانہ طور پر نہانا ہے، خاص طور پر رمضان المبارک کے آتے ہی نوجوان اپنے روزے کو ٹھنڈا کرنے کیلئے نہر میں چھلانگیں لگاتے ہیں اور ان کو کوئی بھی پو چھنے والا نہیں ،انہوں نے کہا کہ چھچھ نرتوپہ کا نوجوان حمزہ غازی بروٹھہ نہر میں ڈوب کرجاں بحق ہو گیا اسی طرح ہر سال کئی نوجوان دریائے سند ھ کی بے رحم موجوں کی نذر ہوجاتے ہیں ۔میری ڈپٹی کمشنر اٹک ، ڈی پی او اٹک ، ڈی ایس پی حضرو ، اسسٹنٹ کمشنر حضرو اور ایس ایچ او حضرو سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل ہے کہ غازی بروٹھہ نہر میں نہانے پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے تاکہ نوجوان اس خونی نہر میں نہانے سے باز آ سکیں ۔ 

ضلع اٹک: ہم نے ملک امین اسلم کی کوئی حمایت نہیں کی اور ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ؛پیر ثانی سرکار(سالک آباد شریف)
دربار اعظمیہ رحیمیہ کے گدی نشین پیر آف سالک آباد شریف پیر ثانی سرکار نے کہا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کے رہنما ملک امین اسلم کی حمایت نہیں کی ‘ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں درگاہ پر ان کے پاس ہر خاص و عام اور ہر شعبۂ سے تعلق رکھنے والی شخصیات حاضری دیتی ہیں اور اپنے لیے دعا کا کہا جاتا ہے جو سب کیلئے کی جاتی ہے ،اسی تناظر میں رہنما تحریک انصاف ملک امین اسلم بھی اسی سلسلہ میں دعا لینے آئے تھے جس پر ان کے والد نے ملک امین اسلم پر شفقت فرماتے ہوئے دعا کی ۔یہ بات پیر زادہ فیضان اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہی دربار اعظمیہ رحیمہ کے گدی نشین پیر آف سالک آباد شریف پیر ثانی سرکار کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہمارا اپنا ایک بڑا پیج موجود ہے اگر ایسی بات ہوتی تو ہم حمایت کی خبر وہاں بھی لگاتے چونکہ ہمارے مریدین کی دل آزاری ہوتی ہے اس لیے اس خبر کی وضاحت جاری کی جائے کہ ہم نے ملک امین اسلم کی کوئی حمایت نہیں کی اور ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ 

اٹک سٹی:پاکستان میں حالیہ بحالی ، امن اور تعمیروترقی میں پاکستانی افواج کے کردار کی پوری دنیا قائل ہے ؛ایمان طاہر
چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ بحالی ، امن اور تعمیروترقی میں پاکستانی افواج کے کردار کی پوری دنیا قائل ہے ،پاکستان کے لوگ افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور اس ضمن میں کسی مصلحت کو خاطر میں نہیں لاتے اور پاکستانی غیور عوام اس تناظر میں مسلم لیگ ( ن ) کی لیگی قیادت کی سازشوں کو ناکام بنا دے گی ،نواز لیگ کے نااہل لیڈر کا حالیہ بیان ملک دشمنی پر مبنی ہے شریف برادران کو جب بھی موقع ملا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ملاقات کے دوران کیا ملک کے خلاف سازش کی افواجِ پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے سے محمد نواز شریف کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں ماسوائے پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے اور پاکستانی عوام کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی لازوال قربانیوں کے بارے اقوام عالم کی نظر میں شکوک و شبہات کا پیدا کرنا ہے پاکستان کے تین بار وزیرِ اعظم رہنے والے محمد نواز شریف کی جانب سے انڈیا کے موقف کی تائید عام عوام کی سمجھ سے بھی قطعاً باہر ہے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی محمد نواز شریف کا مقصد محض بیرونی آقاؤں کو خوش کرنا اور انکی مدد سے ایک اور این آر او کے اجراء کو ممکن بنانا ہے ۔ 

اٹک سٹی:مستحق افراد کیساتھ ایک دسترخوان پر افطاری کا اہتمام بلدیہ اٹک کے سبزہ زار پر عامر مجید شیخ کے تعاون سے کیا گیا 
گزشتہ سال کی طرح امسال بھی ماہ مقدس کی بابرکت ساعتوں کو مزید بابرکت اور مستحق افراد کیساتھ ایک دسترخوان پر افطاری کا اہتمام بلدیہ اٹک کے سبزہ زار پر ایم ڈی مغل اعظم و ٹیولپ مارکی عامر مجید شیخ کے تعاون سے کیا گیا ،بلدیہ اٹک میں سجایا گیا رمضان دسترخوان میں شہری آبادیوں کے غریب ، مستحق افراد کیساتھ ساتھ شہر میں محنت مزدوری کیلئے آنے والے سیلز مین ، رکشہ ڈرائیور ودیگرکی کثیر تعداد موجود تھی ۔رمضان دسترخوان میں چیف آفیسر بلدیہ اٹک خلیل احمد نیئر اعوان ، کلرک راجہ زاہد حسین ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب اٹک ملک عطاء محمد خان اعوان ، چیف فوٹو گرافر اٹک پریس کلب رجسٹرڈ صوفی فیصل بٹ ، خطیب بلدیہ مسجد مولانا مدثر ، خطیب پائلٹ سکینڈری سکول مسجد قاری عبدالوحید ، ایم ڈی مغل اعظم و ٹیولپ مارکی عامر مجید شیخ کے علاوہ تھانہ سٹی پولیس کا عملہ اور بلدیہ اٹک کا عملہ بھی موجود تھا رمضان دسترخوان کو اعلیٰ کوالٹی کے پھلوں سے سجایا گیا تھا جبکہ افطار ڈنر میں کابلی پلاؤ پیش کیا گیا ۔ 

ضلع اٹک: نااہل نوا ز شریف کے حالیہ بیانات سے ان کا مکروہ چہرہ پوری قوم کے سامنے آگیا ہے؛ میجر طاہر صادق
ممبر کور کمیٹی تحریک انصاف و سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ نااہل نوا ز شریف کے حالیہ بیانات سے ان کا مکروہ چہرہ پوری قوم کے سامنے آگیا ہے ،35 سالہ اقتدار کے مزے لینے والے نا اہل برادران عوام کو ریلیف دینے میں ناکا م ہوچکے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے کلین بولڈ کردیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرواورحسن ابدال کے ملحق مواضعات میں اپنے دورے کے موقع پر عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ قائد تحریک انصاف عمران خان اور تحریک انصاف اٹک کی عوامی مقبولیت میں اضافہ سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ملک بھر سے مسلم لیگ ( ن ) کا کلین سویپ کرے گی ۔ 

اٹک سٹی: ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی بورڈ کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی بورڈ کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہواجس کی صدارت اے ڈی سی جی فاروق اکمل نے کی ۔اجلاس میں ضلع بھر کے دیگر افسران بھی موجود تھے اجلاس میں متوقع سیلاب کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسراٹک ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے اجلاس کے شرکاء کو تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ دیگر محکموں کیساتھ مل کر ہر قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔ 

اٹک سٹی:فوڈفارکذفرام کڈز نے ضلع اٹک کے غریب 40 گھرانوں اور معذور افراد میں رمضان پیکج کے تحت راشن تقسیم کیا 
فوڈفارکذفرام کڈز نے ضلع اٹک کے غریب 40 گھرانوں اور معذور افراد میں رمضان پیکج کے تحت راشن تقسیم کیا ،اس موقع پر اٹک کے طلباء و طالبات نے بطور رضاکارانہ طورپرراشن تقسیم کرنے میں اپنی خدمات انجام دیں،طلبا وطالبات کا کہنا تھا کہ فوڈ فرام کڈز فرام کڈز اٹک میں معزور افراد کے لیے جہاں ویل چیئر فراہم کررہا ہے ‘وہاں رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں غریب بے سہارا لوگوں کے لیے کھانے پینے کی اشیا بھی فراہم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ان طلبا وطالبات کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت بھی رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینہ میں بے سہارا افراد کیلئے راشن فراہم کرنے کے لیے اپنی کوشش بھی کررہیں ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب اور مستحق خاندانوں تک راشن پہنچ سکے ،رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہمیں اپنے اردگرد مستحق افراد کاخاص خیال رکھنا چاہئے ۔ 

اٹک سٹی:اگر کوئی بھوک یا پیاس زیادہ ہونے کے ڈر سے روزہ نہیں رکھ رہا تو رابطہ کرے ‘فی سبیل اللہ میڈیسن دوں گا؛ڈاکٹر ظفر حمیدملک 
اٹک شہر کے ہومیوپیتھک ڈاکٹر ظفر حمید ملک (النافع ہومیوپیتھک کلینک )نے کہا ہے کہ اگر کوئی بھوک یا پیاس زیادہ ہونے کے ڈر سے روزہ نہیں رکھ رہا تو رابطہ کرے ‘فی سبیل اللہ میڈیسن دوں گا ،انشاء اللہ سارا دن بھوک اور پیاس تنگ نہیں کرے گی ‘برائے رابطہ النافع ہومیوپیتھک کلینک پرانی سبزی منڈی حمام برق روڈ اٹک سٹی ۔

حضروسٹی:غیر قانونی طور پر رہائش پذیر اور تھانہ میں کرایہ داری کوائف جمع نہ کروانے والوں کیخلاف کاروائی 
ڈی پی او اٹک عبادت نثار کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر رہائش پذیر اور تھانہ میں کرایہ داری کوائف جمع نہ کروانے والوں کے خلاف چلائی گئی‘ مہم کے دوران سرچ آپریشن کاروائی میں تھانہ حضرو پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ،تفصیلات کے مطابق انچارج پولیس چوکی لکوڑی حضرو سب انسپکٹر کرم داد نے دوران گشت و سرچ آپریشن مشکوک شخص نور خان مقیم محلہ وردگ نرتوپہ حضرو جو شیر خان حضرو کے مکان میں عرصہ دراز سے مقیم تھا اور تھانہ میں کرایہ داری کوائف جمع نہ کرائے گئے تھے ‘کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ۔ 

اٹک سٹی:ماہ رمضان المبارک بڑی برکتوں کا مہینہ ہے جو ہر سال مسلمانوں کیلئے رحمتیں اور برکتیں لے کر آتا ہے ؛ صوفی فیصل بٹ
ماہ رمضان المبارک بڑی برکتوں کا مہینہ ہے جو ہر سال مسلمانوں کیلئے رحمتیں اور برکتیں لے کر آتا ہے ،اس ماہ میں مسلمانوں کو چاہیے کہ جتنا زیادہ ہو سکے نیکیوں کی طرف راغب ہونا چاہیے کیونکہ اس مبارک مہینے کا چاند نظر آتے ہی شیاطین کو جکڑ لیا جاتا ہے ،ان خیالات کا اظہار چیف فوٹو گرافر اٹک پریس کلب رجسٹرڈ صوفی فیصل بٹ نے اپنے بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم رمضان کے مقدس مہینے میں غریبوں ، مسکینوں اور مستحق افراد کو سحر و افطار سمیت دیگر اشیاء ضروریہ مہیا کر کے نہ صرف ثواب کما سکتے ہیں بلکہ ہم مستحق افراد کی دعائیں بھی لے سکتے ہیں ،اللہ کی رضا کیلئے اٹھایا جانے والا کوئی قدم بھی رائیگاں نہیں جاتا ۔انہوں نے مسلمانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماہ مقدس نصیب والوں کو نصیب ہوتا ہے کل ہوں نہ ہوں اس لیے ہم سب مسلمانوں کو چاہیے کہ اس ماہ مبارک میں اپنے ارد گرد رہنے والے غریب افراد کا خصوصی خیال رکھیں بجائے اس کے کہ ہم اپنے صاحب استطاعت عزیز و اقارب اور دوستوں کے اعزاز میں افطار ڈنر پارٹیاں منعقد کریں اس سے بہتر یہ ہے کہ جن لوگوں کو دو وقت کا کھانہ بھی میسر نہیں ان کا ہم خیال رکھیں ۔ 

حضروسٹی:چوبارے پر ڈش لگانے کے دوران بجلی کی 11 ہزار وولٹیج تاروں پر ڈش ٹکرانے سے نوجوان کا بازو جل کر ناکارہ ہو گیا 
حضرو بس اڈہ کے قریب جیدی ویلڈنگ ورکشاپ کے اوپر چوبارے پر ڈش لگانے کے دوران بجلی کی 11 ہزار وولٹیج تاروں پر ڈش ٹکرانے سے نوجوان نیاز کا بازو جل کر ناکارہ ہو گیا جبکہ سر پر بھی شدید چوٹیں آئیں جسے ریسکیو 1122 کے عملہ نے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو پہنچایا مگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے اسے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا، لواحقین نے آبادی کے اوپر تاریں گزارنے پر واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کہا کہ کئی بار 11 ہزار کے وی کی تاریں ہٹانے کے مطالبات کئے گئے اگر یہ تاریں چوبارے کے اوپر جو کہ کئی اور آبادی کے اوپر سے بھی گزر رہی ہیں ہٹا دی جاتیں تو نوجوان موت کے منہ میں نا جاتا اور اس کا بازو اور سر شدید زخمی نہ ہوتے ۔

اٹک سٹی:ریلوے پارک میں پاکستان ریلوے کی طرف سے اٹک کی عوام کیلئے سفاری انجن کا تحفہ دینے کی شاندار تقریب منعقد کی گئی 
ریلوے پارک اٹک میں پاکستان ریلوے کی طرف سے اٹک کی عوام کیلئے سفاری انجن کا تحفہ دینے کی شاندار تقریب منعقد کی گئی ،تقریب کے مہمان خصوصی حنیف گل تھے ،اس موقع پر ایس ایس پی پاکستان ریلوے وارث کمال خان ، چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ ، کیپٹن شہید اسفندیار بخاری کے والد ڈاکٹر فیاض بخاری ، سابق چیئرمین اٹک پریس کلب ڈاکٹر مہتاب منیر خان ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس حاجی پرویز خان ، چیئرمین ملک مظہر حسین اظہر ، کامران حیدر ، چیئرمین آل پاکستان الیکٹرانک اینڈ پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن ہشام خان اعوان ، وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب اٹک عمران علی سیفی ، ضلعی صدر ریجنل یونین آف جنرنلسٹس ملک اعظم خان ، چیئرمین ڈویژنل یونین آف جنرنلسٹس ملک اسد جعفری ، احتشام الحسن کے علاوہ شہریوں اور پاکستان ریلوے کے ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔مہمان خصوصی حنیف گل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفاری ریلوے انجن پاکستان ریلوے کی طرف سے اٹک کی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے ہم امید کرتے ہیں کہ پارک میں سیاحت کیلئے آنے والے شہری اس سے محظوظ ہوں گے ،چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارک کی تزئین و آرائش کی جائے گی پارک کو خوبصورت بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے ہم پاکستان ریلوے کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اٹک کی عوام کیلئے سفاری ریلوے انجن کا تحفہ دیا ۔ 

گاؤں غورغشتی:پتنگ بازوں کے خلاف آپریشن میں 100 کے قریب چھوٹے بڑے پتنگ ، 20 عدد خطرناک کیمیکلز ڈور ودیگر سامان برآمد
ڈی پی او اٹک عبادت نثار کی ہدایت پر پتنگ بازوں کے خلاف آپریشن میں غورغشتی سے 100 کے قریب چھوٹے بڑے پتنگ ، 20 عدد خطرناک کیمیکلز ڈور اور 4 عدد چرخیاں برآمد کرتے ہوئے دکان دار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ، تفصیلات کے مطابق ایس آئی انچارج پولیس چوکی غورغشتی محمد اقبال نے دوران گشت و پڑتال مخبر کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے دکاندار جاوید اقبال کی دکان سے 95 عدد چھوٹے بڑے پتنگ ، خطرناک کیمیکل سے تیار شدہ 20 عدد ڈوریں اور 4 عدد چرخیاں برآمد کر لیں دکاندار کو گرفتار کرتے ہوئے کائیٹ فلائنگ ایکٹ 4 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔

تحصیل حضرو:کے پی کے سے پنجاب کروڑوں روپے مالیت کی 53 کلو منشیات پکڑ لی گئی ، لیڈی سمگلر گرفتار 
موٹروے کے ذریعے کے پی کے سے پنجاب کروڑوں روپے مالیت کی 53 کلو منشیات کی بھاری مقدار سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر لیڈی سمگلر کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا خاوند گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ‘ملزمہ کیساتھ اس کا بیٹا بھی ہے ۔کار نمبر STA-726 جسے ملزمہ کا شوہر چلا رہا تھا گاڑی پار کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ‘کار کی تلاشی لینے پر کار سے 35 پیکٹ چرس ، 16 پیکٹ افیون اور 2 پیکٹ ہیروئن برآمد ہوئے ،موٹر وے پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ منشیات سمگل کرنے میں پورا خاندان ملوث ہے ملزمہ کو اس کے بیٹے منشیات اور گاڑی کیساتھ مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں مقدمہ درج کر کے اس کے خاوند کی تلاش کیلئے پولیس کی چھاپہ مار پارٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔




















No comments:

Post a Comment